جنیوا (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے ایبولا مشن کے سربراہ نے بتایا ہے کہ مغربی افریقی ممالک اگست تک اس وبا سے پاک ہو جائیں گے۔
ایبولا مشن کے سربراہ اسماعیل اولد شیخ احمد نے تسلیم کیا کہ اس بحران سے نمٹنے میں اقوام متحدہ سے شروع میں غلطیاں سرزد ہوئی تھیں، جب وائرس نے حملہ کیا تھا تو شاید اس کے متعلق زیادہ علم نہیں تھا، ہم کوئی خاص تاریخ دینے سے گریز کر رہے ہیں۔
لیکن مجھے بہت یقین ہے کہ یہ وبا گرمیوں تک ختم ہو جائے گی۔ دریں اثنا خیراتی طبی ادارے مید ساں سانز فرنٹیئر (ایم ایس ایف) نے کہا کہ ایبولا کی مہلک وبا پھوٹنے کی بڑی وجہ ’عالمی سستی‘ تھی۔
ایم ایس ایف کے ہنگامی رابطہ کار ہینری گرے نے بتایا کہ ہمیں گزشتہ سال مارچ، اپریل ہی میں معلوم ہو گیا تھا کہ یہ کوئی مختلف چیز ہے اور ہم نے نہ صرف عالمی ادارہ صحت بلکہ اس خطے کی حکومتوں کی توجہ بھی اس جانب مبذول کرانے کی کوشش کی جو اس سے متاثر ہو رہے تھے۔
مگر دنیا بشمول عالمی ادارہ صحت نے یہ سمجھنے میں دیر لگائی کہ ہمارے سامنے ہو کیا رہا ہے۔