کراچی (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے گرفتار 8 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔ رینجرز نے انتہائی سخت سیکیورٹی میں نائن زیرو سے گرفتار عبید کے ٹو، محمد فیضان، عبدالقادر، ساجد علی، مرتضیٰ، حسیب، آصف اور عامرعلی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا۔
رینجرز نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف مزید مقدمات درج ہوئے ہیں جن کی تفتیش کے لئے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے، عدالت نے موقف سننے کے بعد ملزمان کو مزید 14 روز کے لئے عدالت کے حوالے کردیا۔
اس کے علاوہ پولیس نے اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی سربراہ پروین رحمان کے قتل میں ملوث ملزم احمد عرف پپو کشمیری کو عدالت میں پیش کیا ، عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کے ریمانڈ میں بھی 14 روز کی توسیع کردی۔