اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے تین روز سے جاری موسم میں حدت کا سلسلہ رک گیا۔
موسم میں خنکی بڑھنے سے لوگ خوشی سے جھوم اٹھے۔ مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا جبکہ پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔
برف باری کے باعث وادی لیپہ اور حویلی کی طرف جانے والی سڑک ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی۔ خیبر پختونخوا میں بھی چند مقامات پر بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ اُدھر کراچی اور لاہور سمیت ملک کے اکثر علاقوں میں بڑھتا درجہ حرارت گرمی کی آمد کا سندیسہ دے رہا ہے۔
آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ میانوالی اور گردونواح میں آندھی، ژالہ باری اور مٹی کے طوفان کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا اور لوگ گھروں میں محصور ہو گئے۔ کچے کے علاقے میں طوفان سے 3 مکان بھی منہدم ہوگئے تاہم جانی نقصان نہیں کی اطلاع نہیں ہے۔