بھتہ خوری و ٹارگیٹ کلنگ میں کئی جماعتیں و گروپ ملوث ہیں: امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا ہے کہ صولت مرز اور عذیر بلوچ کے انکشافات مجرموں‘ بھتہ خوروں اور ٹارگیٹ کلرز کی سیاسی پشت پناہی اور سیکورٹی اداروں کے افسران و اہلکاروں پر مضبوط سیاسی گرفت کا منہ بولتا ثبوت اور اس بات کی علامت ہیں کہ اداروں کو سیاسی تسلط سے نجات اور سیاسی اثرات سے محفوظ بنائے بغیر نہ تو امن کی بحالی ممکن ہے اور نہ عوام کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکتا ہے۔

کراچی آپریشن میں تیزی ‘رینجرز کے تابڑ توڑ چھاپوں ‘بڑے پیمانے پر گرفتاریوں ‘ بیریئرز کے خاتمے اور پولیس چیف سمیت حکومتی و سیکورٹی اداروں کے بلند و بانگ دعووںکے باوجود کراچی کے تاجروں کو لاکھوں روپے بھتے کی پرچیوں کی وصولی اور اندرون سندھ ‘ کوئٹہ وپنجاب کے علاوہ پشاور واندرون ملک سے بھتے کی وصولی کیلئے ٹیلیفونک دھمکیاں ثابت کررہی ہیں کہ ان جرائم میں کوئی ایک سیاسی جماعت یا گروپ ملوث نہیں بلکہ اس قبیح جرم مگر نفع بخش کاروبار کی بہتی گنگا میں سب ہی اپنے اپنے ہاتھ دھورہے ہیں اسلئے امن وتحفظ کیلئے بلا تفریق منصفانہ و غیر جانبدارانہ کاروائی کی ضرورت ہے۔