نیویارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے امن مندوب برائے مشرق وسطیٰ رابرٹ سیری نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطینی شہروں میں یہودی بستیوں کی تعمیر کا عمل روکنے کے لئے موثر اقدامات کریں۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق یو این امن مندوب نے عالمی سلامتی کونسل کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل میں دوبارہ زمام اقتدار سنبھالنے کے بعد نیتن یاھو کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کریں۔
اس مقصد کے لئے انہیں فلسطینی علاقوں میں متنازع یہودی بستیوں کی تعمیر کا عمل روکنا ہوگا۔ خیال رہے کہ اسرائیل میں سترہ مارچ کو ہونے والے انتخابات سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو نے کہا تھا کہ اگر میں دوبارہ وزیراعظم بنا تو فلسطینی ریاست قائم نہیں ہونے دوں گا۔
نیتن یاھو کے اس بیان پر امریکا کی جانب سے بھی سخت برہمی کا اظہار کیا گیا اور اس اعلان نے صدر اوباما اور نیتن یاھو کےدرمیان تعلقات مزید کشیدہ کر دیے تھے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر رابرٹ سیری کا کہنا تھا کہ فلسطینی علاقوں میں یہودی کالونیوں کی تعمیر اور توسیع غیر قانونی ہے اور یہ سلسلہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے حوالے سے دو ریاستی حل کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ بن رہا ہے۔