راولپنڈی (جیوڈیسک) منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ماڈل ایان علی کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر سپیشل جج کسٹم کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزمہ کی جیل میں بی کلاس دینے سے متعلق درخواست پر بھی سماعت کی گئی۔
سپیشل جج کسٹم ممتاز حسین چودھری کی عدالت میں ایان علی منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے کے بعد ملزمہ کو پیش ہونے کا حکم دیا، ایان علی کی جانب سے جیل میں بی کلاس دینے سے متعلق درخواست پر سماعت بھی ہوئی۔
ماڈل ایان علی 14 مارچ کو غیر ملکی کرنسی سمگل کرتے ہوئے گرفتار ہوئی تھی، اسی روز ملزمہ کو سپیشل جج کسٹم راولپنڈی ممتاز حسین چودھری کی عدالت میں پیش کیا گیا ، فاضل جج نے ایان علی کو منی لانڈرنگ کیس میں چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
کسٹم کورٹ نے ماڈل گرل کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی جس کے بعد ملزمہ نے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ سے رجوع کیا۔ عدالت عالیہ ایان علی کی درخواست ضمانت پر سماعت تیس مارچ کو کرے گی۔