ورلڈ کپ کے فائنل میں دونوں میزبان ملک 29 مارچ کو مد مقابل ہوں گے

Australia And Newzealand

Australia And Newzealand

میلبورن (جیوڈیسک) آئی سی سی ورلڈ کپ کا فائنل میچ میزبان ملک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان 29 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

میگا ایونٹ میں فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی دونوں مضبوط ٹیمیں 29 مارچ کو میلبورن میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے مدمقابل ہوں گی، نیوزی لینڈ نے ورلڈ کی تاریخ میں پہلی بار فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔

اس لئے وہ ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لئے بھی ایڑی چوٹی کا زور لگائے گی، بیٹنگ کے شعبے میں کپتان برینڈن میک کولم، مارٹن گپٹل، گرانٹ ایلیٹ اور کورے اینڈرسن آسٹریلیا کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں جب کہ موجودہ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی اور ڈینئل ویٹوری پر نیوزی لینڈ کا زیادہ انحصار ہے۔

دوسری جانب آسٹریلیا بھی پانچویں بار ورلڈ چیمپئن بننے کی خواہش لے کر کیویز پر پوری طاقت سے جھپٹے گا اور اگر میگا ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے اسٹیون اسمتھ، گلین میکس ویل اور شین واٹسن کا بیٹ چل گیا تو وہ کیوی بالروں کی ناک میں دم کرسکتے ہیں جب کہ بولنگ کے شعبے میں مچل اسٹارک، مچل جانسن اور جوش ہیزل ووڈ وکٹیں لینے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو کیویز کی مضبوط بیٹنگ لائن کو بھی اکھاڑ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو 95 رنز سے شکست دے کر اس کا غرور خاک میں ملایا۔