دوسروں پر رعب جمانے والے اداروں کی اپنی سیکیورٹی نہ ہونے کے برابر

Security

Security

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) دوسروں پر رعب جمانے والے اداروں کی اپنی سیکیورٹی نہ ہونے کے برابر، ان دنوں ملک بھر میں سیکیورٹی رسک کی وجہ سے اداروں کو اپنی سیکیورٹی بڑھانے کی تجاویز اور احکامات دیئے جارہے ہیں۔

اور انتظامیہ ان احکامات پر عملدرآمد میں پیش پیش نظر آتی ہے مگر وزیرآباد میں خود اہم ترین انتظامی اداروں کی سیکیورٹی انتہائی ناقص ہے ۔تحصیل وزیرآباد کا اہم ترین مقام جہاںاسسٹنٹ کمشنر آفس، بخشی خانہ کے علاوہ، تحصیلدار آفس اور شہر کی بڑی ایڈیشنل سیشن ججز کی عدالتیں بھی ہیں کے احاطہ کی چاردیواری دو تین فٹ سے زائد نہ ہے۔

جو بیشتر مقامات سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے یہ چاردیواری بخشی خانہ اور وثیقہ نویسوں کے اڈوں کے قریب سے اور بھی زیادہ خستہ حالی کا شکار ہے۔اے سی آفس احاطہ کے مین دروازہ پر تو دو تین پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیتے نظر آتے ہیں مگر باقی کسی بھی جگہ کوئی سیکیورٹی اہلکار نظر نہیں آتا اس طرح تحصیل کے اہم ترین ادارے ہر وقت سیکورٹی رسک میں نظر آتے ہیں۔

ان دفاتروں میں کام کی غرض سے آنے والے سائلین کا کہنا ہے کہ مناسب سیکورٹی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے وہ ہر وقت خوف میں مبتلا رہتے ہیں جبکہ بخشی خانہ اور عدالتوں میں اکثر خطرناک مجرمان پیشیاں بھگتنے آتے ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اہم سرکاری اداروں کی سیکیورٹی بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔