کراچی : بلدیہ عالیہ کورنگی نے پنشن بقایا جات کی مد میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کو 1کروڑ 25لاکھ روپے کی ادائیگی کردی گزشتہ روز شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے آفس میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے فنانشل ایڈوائزر بلدیہ عظمیٰ کراچی آفاق سعید کو پنشن بقایا جات کی مد میں چیک حوالے کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہاکہ بلدیہ کورنگی ضلع حدود میں علاقائی ترقی اور مسائل سے پاک معاشرے کے قیام کے ساتھ ملازمین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے بھی جدوجہد کررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ صوبائی وزیر بلدیات اور کمشنر کراچی کے احکامات پر عملد رآمد کرتے ہوئے بلدیہ کورنگی نے پنشن بقایا جات کی مد میں آدائیگی کا آغاز کردیا ہے انشا اللہ بلدیہ عظمیٰ کراچی بقایا جات کی ادائیگی کے بعد ملازمین کی پنشن کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنا ئے گی اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے کہاکہ بلدیہ عالیہ کورنگی اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاکر علاقائی ترقی اور عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے کوشاں ہے۔
انشا اللہ باہمی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کو بلدیاتی مسائل سے پاک ضلع بنا ئیں گے اس موقع پر فنانشل ایڈوائزر بلدیہ عظمیٰ کراچی آفاق سعید نے کہاکہ بلدیہ کورنگی کی جانب سے پنشن بقایا کی ادائیگی احسن قدم ہے انہوں نے تمام ڈی ایم سیز سے درخواست کی کہ وہ ملازمین کی پنشن ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی بلدیات کے بقایا جات کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنا ئیں تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے مالی بحران کے پیش نظر اپنے ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کے ساتھ ملازمین کی پنشن کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنا سکے۔