اسلام آباد (جیوڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک نے سپریم کورٹ میں پیر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے میں مقدمات کی سماعت کے لئے 6 بینچ تشکیل دے دیئے ہیں۔
سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے ہفتے اوگرا کرپشن کیس، پولیس فاونڈیشن نظرثانی کیس، نواب اکبر بگٹی کی موت کی عدالتی تحقیقات، انتخابی عذرداریاں اور سزاے موت پر عمل درآمد سے متعلق مقدمات سمیت دیگر کیسز کی سماعت ہوگی، جن کی سماعت کے لئے سماعت اسلام آباد میں 5 جب کہ کراچی رجسٹری کے لئے ایک بنچ تشکیل دیئے گئے ہیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ کاز لسٹ کے مطابق بنچ نمبرایک چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں جسٹس امیرہانی مسلم اور جسٹس اعجاز چوہدری پرمشتمل ہوگا، بنچ نمبر 2 جسٹس جواد ایس خواجہ کی سر براہی میں مقدمات کی سماعت کرے گا۔
بنچ نمبر 3 جسٹس ثاقب نثار، بنچ نمبر 4 جسٹس آصف سعید کھوسہ اور بنچ نمبر 5 کی سربراہی جسٹس اعجاز افضل کریں گے تاہم یکم اپریل سے بنچز کی ترتیب تبدیل ہوجائے گی۔
آئندہ ہفتے لاہور، پشاور اور کوئٹہ رجسٹری میں مقدمات کی سماعت نہیں ہوگی تاہم کراچی رجسٹری میں ایک بنچ مقدمات کی سماعت کرے گا۔