فیصل آباد: دی گریٹ پاکستان کے مرکزی چیئرمین سید طارق علی شاہ نے یمن میں باغیوں کے خلاف سعودی آپریشن کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضرب عضب آپریشن کی طرح یمنی دہشت گردوں کے خلاف سعودی آپریشن بھی درست اقدام ہے۔
سعودی حکومت نے یمنی باغیوں کے خلاف آپریشن شروع کر کے انہیں سمجھا دیا ہے کہ مسلم امہ پر اٹھنے والے ہر ہاتھ کو کاٹ دیا جائے گا۔ سعودی عرب پر حملہ تو بہت دور کی بات، یہودی اس بارے سوچنے کی بھی غلطی نہ کریں۔
طارق علی شاہ نے کہا کہ سعودی عرب سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں اور مشکل کی ہر گھڑی میں سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ دیا اس لئے حکومت پاکستان کی جانب سے باغیوں کے خلاف سعودی آپریشن کی حمایت کا اعلان خوش آئند ہے۔
انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستانی شہریوں کو واپس وطن لانے کیلئے محض ایک دو طیارے بھیجنا ناکافی ہیں ‘یمن میں محصور آخری پاکستانی کی باحفاظت وطن واپسی کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ بیرون ملک پاکستانیوں کو خیروعافیت سے وطن واپس لایا جاسکے۔