لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر پانی بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی کو کوئی خطرہ ہوا تو بھرپور مدد کریں گے۔
یمن سے تین ہزار پاکستانی جلد وطن واپس پہنچ جائیں گے۔ وفاقی وزیر خواجہ آصف نے واپڈا ہاؤس میں سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے بڑے بھائی کی طرح ہے۔ اس نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی۔
یمن کے عوام بھی پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔ یمن سے پاکستانیوں کا انخلا شروع ہو چکا ہے۔ تین ہزار پاکستانی جلد یمن سے واپس پہنچیں گے، انتظامات مکمل ہیں۔ جلد تمام پاکستانی وطن واپس پہنچ جائیں گے۔
ایک سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بجلی کے بحران پرجلد قابو پا لیا جائے گا۔ بجلی، پانی کے ضیاع پر قابو پانا عوام پر بھی اتنا ہی فرض ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے ڈیم بنانے کی پلاننگ کر لی ہے۔ بھاشا کے بعد داسو ڈیم بھی جلد شروع ہو جائیگا۔