گھوٹکی (جیوڈیسک) گھوٹکی کے علاقے کھینجھو میں ظالم افراد نے سفاکی اور بربریت کی انتہا کر دی۔ دستکاری کا سامان فروخت کرنے والی خاتون کو اس کی بیٹی سمیت اپنی ہوس کا نشانہ بنایا اور اس کے بعد آگ لگا دی۔ بیٹی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
ماں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد ہوش میں آئی تو اس نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ متاثرہ خاتون کے مطابق انہوں نے ایک گھر میں پناہ لی تو گھر کے مالک نے نشہ آور چیز کھلا کر بارہ سالہ بیٹی کو اور اسے زیادتی کا نشانہ بنایا اور ثبوت مٹانے کے لیے جھونپڑی کو آگ لگا دی۔
متاثرہ خاندان نے اندراج مقدمہ کے لیے سیشن کورٹ میں درخواست دی جس پر عدالت نے پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ ڈی ایس پی گھوٹکی نے بتایا ہے کہ عدالت نے مقدمہ درج کر کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ڈی ایس پی گھوٹکی حاکم علی کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ دو ماہ پرانا ہے اس دوران ان کے پاس کوئی مدعی نہیں آیا۔