جھنگ کی خبریں 30/03/2015

جھنگ: کاشت و ترویج کے منصوبہ کے تحت محکمہ زراعت کے زیر اہتمام کاشتکاروں /کسانوں میں آگہی کے سلسلہ میں یوم کاشتکاران کے حوالہ سے سیمینارکا انعقاد کیا گیاجس میں محکمہ زراعت اورمتعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ زمینداروں ،کاشتکاروں اور کسانوںکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر زراعت آفیسر( توسیع) ایسٹ محمد طلحہ نے بتایا کہ پاکستان آم کی پیداوار کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر آتا ہے لیکن ہمارے ہاں اوسط پیداوار دنیا کی ترقی یافتہ ممالک کی نسبت بہت کم ہے لہٰذا ہم باغات کی اچھے طریقے سے دیکھ بھال کرکے بین الاقوامی معیار کے مطابق اپنی فی ایکٹر پیداوار میں اضافہ کر سکتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ آم کی فصل کی بڑھوتری اور ایکسپورٹ کوالٹی بنانے کیلئے میتھائل یوجنسیال کے جنسی پھاندے لگانا ضروری ہیں لہٰذا نرمکھی سے بچائو کیلئے میتھائل یو جنسیال فی ایکٹر 5-4جنسی پھندے لگائیں جبکہ مادہ مکھی کیلئے پروٹین ہائیڈرولائزیٹ کا سپرے ضرور کریں ۔انہوںنے مزید کہا کہ دور جدید میں زراعت ایک منافع بخش کاروبار ہے لہٰذا کاشتکاران /کسان اور زمیندار جدید زرعی ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ : یوم والدین و تقسیم انعامات کے سلسلہ میں آج 31 مارچ بروز منگل کو بوقت 11 بجے دن گورنمنٹ غزالی ماڈل ایلیمنٹری سکول جھنگ میں ایک باوقار تقریب منعقد ہوگی جس میںمہمان خصوصی محترمہ راشدہ یعقوب صاحبہ ایم پی اے ہوں گی ، تقریب میں والدین کے علاوہ معززین شہر کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔ اس موقع پر ادارہ کے سربراہ مہراصغر علی اور جملہ سٹاف مدرسہ گورنمنٹ غزالی ماڈل ایلیمنٹری سکول جھنگ بھی موجود ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ : مقامات مقدسہ کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں نچھاور کردیں گے۔ ان خیالات کاا ظہار ابوعمار ضلعی امیر جماعة الدعوة جھنگ نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حرمین الشریفین پر قبضے کی دھمکی دے کر مسلمانوں کے دلوں پر ہاتھ ڈالا گیا ۔ یمن میں ہونے والی جنگ ایران اور سعودی عرب کے مابین نہیں بلکہ اس کے پیچھے یہودی لابی کا ہاتھ ہے ۔ ایران کا بھی قبلہ وہی ہے جو پاکستان سمیت ہرمسلمان ملک کا ہے۔ انہوں نے ایرانی حکومت اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ بیت الحرام اور مسجد نبویۖ کی حفاظت کیلئے ایران کو سعودیہ کی حمایت کرنی چاہییے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ ومکرمہ مسلمانوں کا مرکز ومحور ہے اور مقامات مقدسہ کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو ہوش کے ناخن لیتے ہوئے متحد ہوجانا چاہئے تاکہ صیہونی لابی اور مسلم دشمن طاقتوں کی سازشوں کا ناکام بنایاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جنگ میں فریق بننے کی بجائے فریقین کو ایک میز پر بٹھانے کی کوشش کرنا چاہیے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ : تحریک انصاف ہی ملک میں تبدیلی لاکر عوام کو آسانیاں فراہم کرسکتی ہے ۔یہ بات ابوذر بھروانہ تحریک انصاف جھنگ کے سینئر رہنما نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھری قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے نجات دلاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی خدمت کا بے لوث جذبہ رکھنے والے لوگوں کے پاس تحریک انصاف سے پہلے کوئی آپشن نہیں تھا لیکن اب محب وطن لوگ بڑی تعداد میں تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے جس طرح آزاد کشمیر میں فتح حاصل کی ہے اسی طرح پورے ملک میں آئندہ حکومت تحریک انصاف ہی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں ایک بال پر دونوں کی وکٹیں گرا کر عمران خان نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے اور جھنگ کے عوام کی عمران خان سے محبت لوگوں کے سامنے لے آئیں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Jhang News

Jhang News