صنعا (جیوڈیسک) یمن میں باغیوں کے خلاف سعودی اور اتحادی افواج کی فضائی کارروائیاں جاری ہیں، حجہ صوبے میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر حملے میں 40 افراد مارے گئے۔
یمن کے وزیر خا رجہ کہتے ہیں کہ کیمپ پر حوثی باغیوں نے حملہ کیا جبکہ سعودیہ عرب کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔
یمن کے شمال مغربی صوبے حجہ میں پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر بمباری کے نتیجے میں 40 افراد مارے گئے ہیں جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 25 کی حالت انتہائی نازک بتائی جاتی ہے۔
یمن کے وزیر خارجہ ریاض یاسین نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ کیمپ پر حملہ سعودی افواج کی جانب سے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پناہ گزین کیمپ پر حملہ حوثی باغیوں نے خود کیا تھا جبکہ سعودی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ہم پہلے دن سے کوشش کررہے ہیں کہ کارروائی میں عام شہریوں کی ہلاکتیں نہ ہوں، تاہم باغی شہریوں کے درمیان رہ کر جیٹ طیاروںکو نشانہ بناتے ہیں تو پھر جواب میں جیٹ طیارے بھی بم باری کرتے ہیں۔ ہم اس بات کی تصدیق نہیں کرسکتے تھے کہ نشانہ بنایا جانے والا کیمپ پناہ گزینوں کا تھا۔
تاہم اس سلسلے میں ہم نے یمن کی سرکاری ایجنسیوں سے کہا ہے کہ وہ اس کی تصدیق کرے۔ ادھر عرب میڈیاکے مطابق مقامی قبائلیوں اور حوثی باغیوں کے درمیان شدید جھڑپوں میں متعدد ہلاکتوں کی اطلاع بھی ہے۔
دوسری جانب سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پیش کش کی ہےکہ سعودی عرب یمن کی ان تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کرانے کے لیے تیار ہے جو ملک کی سلامتی اور استحکام کی خواہش مند ہیں۔