مظفر گڑھ (جیوڈیسک) مظفرگڑھ کی تحصیل کوٹ ادو میں گھریلو جھگڑے کے بعد سسرالیوں نے مبینہ طور پر خاتون پر پٹرول چھڑک کر آگ لگادی۔
خاتون کو تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق کوٹ ادو کے علاقے سناواں میں رضوانہ مائی کی شادی کچھ عرصہ پہلے محمد آصف سے ہوئی تھی ،کچھ دنوں سے دونوں کے درمیان جھگڑا رہتا تھا ،متاثرہ خاتون کے بھائی نے الزام لگایا ہے کہ حالیہ جھگڑے کے بعد شوہر اور سسر نے مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر رضوانہ مائی کو آگ لگا دی۔
اسی دوران خاتون کے میکے والے پہنچے تو شوہر اور سسر فرار ہو گئے ۔ خاتون کے بھائی نے پانی ڈال کرآگ بجھائی ۔ متاثرہ خاتون کو تشویشناک حالت میں نشتر اسپتال ملتان منتقل کردیا گیا۔ سناواں پولیس نے خاتون کے شوہر،سسر اور2نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔