لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں ینگ ڈاکٹرز مطالبات کے حق میں سڑکوں پر آ گئے ، سروس سٹرکچر پر عمل درآمد ، گریڈ اٹھارہ میں براہ راست بھرتیاں کرنے اور اگلے گریڈ میں ترقیاں دینے سمیت دیگر مطالبات کے حق میں ڈاکٹروں کی نعرے بازی ، آئندہ ہفتے دوبارہ احتجاج کرنے کا اعلان کیا۔
ینگ ڈاکٹرز ایک بار پھر سڑکوں پر آگئے ، لاہور میں مال روڈ ، جیل روڈ ، کینال روڈ اور فیروز پور روڈ پر مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج کیا گیا۔ ڈاکٹروں کا مطالبہ ہے کہ تین سال قبل منظور کیے جانیوالے سروس اسٹرکچر پر عمل درآمد کرایا جائے۔ گریڈ 18 میں براہ راست بھرتیاں کی جائیں اور تمام ڈاکٹروں کو اگلے گریڈ میں ترقیاں بھی دی جائیں۔
ہاؤس آفیسرز ، ٹرینی ڈاکٹرز کو تنخواہ ادا کی جائے اور ڈاکٹروں کی موجودہ تنخواہ میں بھی اضافہ کیا جائے جبکہ مریضوں کے لئے سہولتوں میں اضافہ کیا جائے ۔ ڈاکٹروں نے لاہور کی معروف شاہراہوں پر دھرنا دیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ ینگ ڈاکٹرز نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے بعد پرامن طور پر مظاہرے ختم کر دیئے۔ ڈاکٹرز کی طرف سے مطالبات کی منظوری کے لیے مرحلہ وار احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات منظور نہ کیے گئے تو آنے والوں دنوں میں ان کے احتجاج میں شدت آ جائے گی۔