لاہور (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ سندھ اور جنوبی پنجاب کے علاقے نسبتاً گرم رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
موسم کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بادل چھائے ہوئے ہیں۔ ادھر اسلام آباد اور راولپنڈی میں سورج کرنیں بکھیر رہا ہے تاہم فضا میں خنکی برقرار ہے۔
لاہور میں آج بادل اور سورج ایک دوسرے کا پیچھا کرتے رہیں گے۔ دوپہر کے وقت بادل برس سکتے ہیں، موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج رات آسمان گہرے بادلوں کی لپیٹ میں آ جائے گا اور شہر کے مختلف حصوں میں بادل گرج چمک کے ساتھ برس سکتے ہیں۔ ملتان میں بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی جاری ہے۔
آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ سندھ میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا۔ کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں بادل چھائے رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ شمالی بلوچستان، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، ملتان، فیصل آباد، لاڑکانہ ڈویژن میں چند مقامات پر اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔