قائمہ کمیٹی نے اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کی سفارش کر دی

Parliament

Parliament

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امورنے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور سفری الاؤنس میں اضافے جب کہ سفری واؤچرز اور ایئرٹکٹ دینے کے بجائے نقد رقم دینے کی سفارش کی ہے۔

چیئرمین کمیٹی میاں عبدالمنان کی زیرصدارت اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں، سفری الاؤنس، سفری واؤچرز، ایئر ٹکٹ کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

اراکین کمیٹی نے وزارت پارلیمانی امور کو کہا ہے کہ اراکین کو سفری واؤچرز اور ایئرٹکٹ دینے کے بجائے نقد رقم دی جائے جس پر وزارت پارلیمانی امور نے کمیٹی کو بتایا کہ رواں مالی سال کیلیے قومی ایئر لائن کو ارکان اسمبلی کے ٹکٹس کیلیے 5کروڑ روپے دئیے جاچکے ہیں۔

اراکین کمیٹی کا مطالبہ تھا کہ رکن قومی اسمبلی کی مراعات وفاقی سیکریٹری کے برابر کی جائیں جس پر وزارت پارلیمانی امور نے دوٹوک جواب دیاکہ کمیٹی قواعد کو تبدیل کرنے کیلیے باضابطہ طریقہ کار اختیار کرے۔