اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن کے نئے سیکریٹری بابر یعقوب فتح محمد کی دوبارہ تقرری چیف الیکشن کمشنر کے دباؤ پر کی گئی۔
الیکشن کمیشن کے بعض ممبران اور سیکریٹری کی حیثیت سے تقرری کے خواہشمند افسران کی جانب سے شدید مخالفت کے باوجودالیکشن کمیشن میں اچھی شہرت کے حامل سیکریٹری کی تعیناتی چیف الیکشن کمشنرکی وجہ سے ہی ممکن ہوئی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے سیکریٹری الیکشن کمیشن کی حیثیت سے بابر یعقوب فتح محمد کی تعیناتی کے احکام جاری ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کے افسران نے اپنا دباؤ ڈالتےہوئے نئے سیکریٹری الیکشن کمیشن کی تعیناتی کا حکمنامہ منسوخ کرادیا۔
چیف الیکشن کمشنر سردارمحمد رضا خان نے حکومت پر واضح کیا کہ الیکشن کمیشن کی شفافیت اور غیر جانبداری کو قائم رکھنے کے لیے اچھی شہرت کے حامل سینیئر بیوروکریٹ بابر یعقوب فتح محمد کی تعیناتی ضروری ہے جس کے بعد اسٹیبلشمنت نے ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن دوبارہ جاری کردیا۔