پاکستان کو محفوظ اور پرامن ملک بنانا ہر پاکستانی کا مشن ہے: شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان، ڈی جی رینجرز پنجاب، میجر جنرل عمر فاروق برکی، جنرل آفیسر کمانڈنگ ٹین ڈویژن، میجر جنرل عامر عباسی سمیت اعلی افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت اٹھائے جانے والے اقدامات پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ اور دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں۔

انسداد دہشت گردی کیلئے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا پنجاب کے اسکول، کالج اور یونیورسٹیوں کے ساتھ ساتھ مدارس کے نصاب میں برداشت، رواداری، بھائی چارے اور تحمل کے عنوانات سے اضافی مضامین متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم کو شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے۔ شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کا بھی چن چن کر خاتمہ کریں گے۔ پاکستان کو محفوظ او رپرامن ملک بنانا ہر پاکستانی کا مشن ہے۔