علم کی طاقت سے دہشتگردی کی موجودہ لہر کو شکست دینا ہو گی: ناظم اعلیٰ جمعیت

Punjab University Book Fair

Punjab University Book Fair

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کے زیراہتمام 31واں سالانہ تین روزہ کتاب میلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ کتاب میلے کے دوسرے روز کا افتتاح ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان زبیر حفیظ شیخ نے کیا۔ جبکہ جماعت اسلامی پاکستان کے انچارج امور خارجہ عبدلغفار عزیز مہمان خصوصی تھے۔

کتاب میلے میں سینئیر صحافیوں نصر اللہ ملک، اوریا مقبول جان سمیت، ڈی جی مائنز اینڈ منرل پنجاب ملک اختر جاوید، فرید احمد پراچہ، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران، حافظ سلمان بٹ ، ناظم جامعہ اسامہ نصیر،سینئرصحافی عطاالرحمٰن ،ڈاکٹر اجمل نیازی اوراینکر پرسن نجم ولی خان سمیت پنجاب یونیورسٹی اور لاہور کے دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

کتاب میلے میں گذشتہ سالوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے 116سے زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں جن میں نصابی و غیر نصابی کتب کے علاوہ فارن ایجوکیشن،کمپیوٹر و انجینئرنگ کے شعبہ سے متعلق اسٹالز شامل ہیں جبکہ اس موقع پرادارہ مطبوعات طلبہ،آفاق اوردارالسلام کے اسٹالز طلبہ کی توجہ کا مرکزبنے رہے۔کتاب میلے کے دوسرے روزکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے کہا کہ یہ کتاب میلہ علم کی شمع روشن کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔

علم کی طاقت سے دہشتگردی کی موجودہ لہرکو شکست دیناہو گی اسلامی جمعیت طلبہ کی طلباء اور کتاب کے درمیان کی جانے والی علم دوستی کی کوشش رائیگا ں نہیں جائے گی۔ دنیا میں کسی قوم نے علم کے بغیر ترقی نہیں کی پاکستان آج علم کے میدان میں بہت پیچھے ہے جو حکومت پاکستان کے علم دشمن رویے کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج تعلیم دشمن عناصرکی کوشش ہے کہ ہمارا رشتہ کتاب و قلم سے ٹوٹ جائے لیکن آ پ طلبہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کتاب سے رشتہ کومزید مضبوط کرتے ہوئے علم کی روشنی دوسروں تک پہنچائیں اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان کو نمایاں کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کے آج ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں کتا ب دوستی کو ختم کرکے جدیدیت کے نام پرفحاشی اور عریانی کے کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ایسے میں جمعیت کا یہ کتاب میلہ ان تمام برائیوں سے بچنے اور علم دوست سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا ۔پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ جمعیت کی علم دوست سرگرمیاں خوش آئند ہیں۔معروف تجزیہ نگار اوریا مقبول جان نے کتاب میلے کے شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ جمعیت نے ہر دور میں کتا ب میلے کئے جو کہ قابل تعریف ہیں۔

دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو اپنی قومی زبان کو اہمیت دیتی ہیں آج ہمیں بھی اردوزبان کو ترجیح و ترقی دینے کی ضرورت ہے۔آخر میں ناظم پنجاب یونیورسٹی اسامہ نصیرنے مہمانان کا شکریہ ادا کیااور انہیں اسٹالز کا دورہ بھی کروایا۔ کتاب میلہ ہفتہ 4اپریل تک جاری رہے گا۔

جاری کردہ
میڈیا سیل اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی
0333-9781490