کسی کارکن کو خراش آئی تو الطاف حسین کیخلاف مقدمہ درج کرائیں گے: عمران اسماعیل

Imran Ismail

Imran Ismail

کراچی (جیوڈیسک) حلقہ این 246 سے تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہمارے کسی کارکن کو خراش بھی آئی تو لندن میں الطاف حسین کیخلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔

کل رات کو افسوس ناک واقعہ ہوا متحدہ کے ورکروں نے ہمارے کیمپ پر حملہ کیا۔ کیمپ پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے۔ ان کا کہنا تھا لوگوں کے اندرخوف پیدا کیا جا رہا ہے الیکشن کمیشن کب ایکشن لے گا۔ ایم کیو ایم اپنے قلعے سے الیکشن ہار چکی اور بوکھلاہٹ میں سب کچھ کر رہی ہے۔

عمران اسماعیل نے کہا وعدہ کرتا ہوں کہ کراچی کی روشنیاں واپس لائیں گے شہریوں کو پانی ، بجلی ، دہشت گردی ، بھتا خوری جیسے مسائل سے نجات دلائیں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما فردوس نقوی نے کہا تحریک انصاف ڈرنے والی جماعت نہیں کراچی والے عمران کو پسند کرتے ہیں اور کراچی میں نمبر ون پارٹی بن کر دکھائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا جمہوریت پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں مہاجر قوم کے ہاتھ میں دوبارہ قلم دیں گے۔ فردوس نقوی نے کہا عمران این اے 246 میں آئے گا اور پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرینگے۔