یمن میں عرب اتحادی افواج کی بمباری اور جھڑپوں میں 70 سے زائد باغی ہلاک

Yemen

Yemen

صنعا (جیوڈیسک) یمن کے مختلف شہروں میں جھڑپوں اور عرب اتحادی افواج کی بمباری کے نتیجے میں 70 سے زائد باغی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

یمن کے شہر عدن میں صدر منصور ہادی کے حامیوں اور باغیوں کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 36 باغی ہلاک ہوگئے جب کہ شہر میں دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بھاری ہتھیار استعمال کیے جارہے ہیں۔

عدن کے شمالی علاقے دالے میں جھڑپ کے دوران 19 باغی اور 15 صدرمنصور ہادی کے حامی مارے گئے جب کہ عالمی امدادی تنظیم ریڈ کریسنٹ نے ہنگامی بنیاد پر امدادی سامان عدن پہنچانے کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب صوبہ ابیان میں سابق صدر علی عبداللہ صالح کے حامیوں کے زیر قبضہ ملٹری بیس کا کنٹرول صدر ہادی کے حامیوں نے حاصل کر لیا جب کہ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 7 باغی ہلاک ہو گئے۔

ادھر سعودی اتحادی افواج نے ال اناد ایئربیس اور ملٹری کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 10 باغی ہلاک اور دیگر فرار ہوگئے، اسی طرح اتحادی افواج نے صوبہ شبوا میں بھی باغیوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس میں 8 باغی مارے گئے۔