ترکی اور ایران یمن جنگ روکنے کیلئے کردار ادا کرنے پر متفق

Tayyab and Hassan Ruhani

Tayyab and Hassan Ruhani

تہران (جیوڈیسک) ترک صدر طیب اردوان آج تہران کے دورے پر پہنچے تو ان کا ایرانی ہم منصب حسن روحانی اور دیگر حکام نے پرتپاک استقبال کیا بعد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا ترکی اور ایران یمن میں جاری جنگ روکنے پر متفق ہو گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا یمن میں جنگ اور خون خرابے کو روک کر صورتحال کا سیاسی حل نکالا جائے۔ یمنی باغیوں اور اتحادی افواج میں مکمل جنگ بندی ہونی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا ایران اور ترکی دیگر ممالک سے مل کر خطے میں امن کیلئے کوششیں کریں گے۔

ایرانی صدر نے صحافیوں کو بریفنگ میں بتایا کہ ترک صدر سے ملاقات میں عراق ، شام اور فلسطین کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پریس کانفرنس میں ترک صدر طیب اردوان نے یمن سے متعلق زیادہ بات نہیں کی۔ طیب اردوان ترک ایران باہمی تعلقات پر گفتگو کرتے رہے۔

انہوں نے ترک ایران تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر ذور دیا دونوں ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹ، صنعت ، کسٹم اور صحت کے شعبے میں 8 معاہدوں پر دستخط ہوئے۔