بڑے شہر کا خواب

کسی کے لیے توباعث طمانیت
کسی کے لیے تو سامانِ مسرت
اورکسی کے لیے ہے تو، سراسر قہر
بڑے شہر کی چاہ میں، جانے کتنے تباہ ہوئے
کتنے روٹھے اپنوں سے
کتنے چھوٹے ہم وطنوں سے

لمحہ لمحہ اُلجھتے رہے
سچے جھوٹے سپنوں سے
بڑے شہر کا خواب لیے،
ہر پل نیا عذاب لیے
بھاگتے رہے تمام عمر،
پیشِ نظر سراب لیے

لا حاصلی کا خواب لیے
گھوڑے کے آگے گھاس ہو جیسے
ہر سانس نئی آس ہو جیسے
جینے کی اُمنگ میں
مرتے رہے ، مرتے رہے
جنت پاؤں کی چھوڑ کے،

ٹھنڈک گاؤں کی چھوڑ کے
روح جلتی رہی تمام عمر،
بدن کی چتا ہ میں
زندگی عذاب لیے
بڑے شہر کا خواب لیے
جلتے رہے ،تپتے رہے،بڑے بننے کے فراق میں

شارٹ کٹ لیتے رہے
راتوں رات،امیر بننے کی تاک میں
ہم چلتے رہے، چلتے رہے
بڑے شہر کی چاہ میں،
جانے کیسے کیسے گناہ کیے
یہاں تک کہ آنکھیں ہماری پتھرا گئیں،

پاؤں ہمارے شل ہوئے
انسانیت ہم سے چھن گئی،
ہم درندوں کے مثل ہوئے
خوشیوں کی تلاش میں،
ہم جیتے جی لاش ہوئے
اس قدر بے حس و بد حواس ہوئے،

ہم خودسے ہی اُداس ہوئے
بڑاشہربڑاشہر، بڑاشہربڑاشہر
بے ایمانیوں کی ڈگر،
بدعنوانیوں کا نگر
سچ ہے تیری چاہ میں،
جانے کتنے تباہ ہوئے

سارا گاؤں اپنوںسے خالی ہو گیا
ماتمی فضا میں ،
اب ہر طرف حسرت و یاس ہے
پھر بھی بڑے شہر کی پیاس ہے کہ کبھی بجھتی نہیں
ایک خلقت ہے کہ کبھی رکتی نہیں!
ایک ہجرت ہے کہ کبھی رکتی نہیں!

زندگی کسی سے ہار جائے،
یہ کبھی ممکن نہیں
زندگی کسی سے مات کھائے ،
یہ بھی اب ممکن نہیں
زندگی رکتی نہیں!!
زندگی جھکتی نہیں!!

Perwaiz Shaharyar

Perwaiz Shaharyar

تحریر: پرویز شہریار
spa1962@gmail.com

تحریر: پرویز شہریار
spa1962@gmail.com