کراچی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی اہلیہ ریحام خان کا کہنا ہے کہ کراچی تو کیا اپنے شوہر کی حمایت کے لئے ’کے ٹو‘ کی چوٹی پر بھی پہنچ جاؤں گی۔
کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران ریحام خان کا کہنا تھا کہ این اے 246 کے ضمنی انتخاب میں عمران اسماعیل کو سپورٹ کرنے کے لئے آئی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی نو گو ایریا نہیں، ہر شہری کو یہ حق حاصل ہونا چاہیئے کہ وہ جہاں جانا چاہے جائے، ہر جگہ اور ہر شہر میں عمران خان کے چاہنے والے موجود ہیں اور اگر کسی کے دل میں یہ وہم ہے کہ کوئی نو گو ایریا ہے تو ہمیں اس خوف کو دور کرنا ہے۔
ریحام خان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان ورلڈ کپ کھیل رہے ہوتے تو میں ورلڈکپ دیکھنے کے لئے بھی جاتی، آج وہ این اے 246 کی انتخابی مہم کے لئے کراچی آئے ہیں، اگر وہ ’ کے ٹو‘ کو سر کریں گے تو میں وہاں بھی پہنچ جاؤں گی، ان کا مقصد صرف اپنے شوہر کو نیک کاموں میں ان کی مدد کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج شام کو عمران خان کے ساتھ واپس اسلام آباد چلی جاؤں گی لیکن ہم دوبارہ بھی کراچی آئیں گے اور عمران اسماعیل کو جب بھی اور جہاں ہماری مدد کی ضرورت ہو گی تو ہم وہاں پہنچیں گے۔
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے بھابھی کو کراچی میں خوش آمدید کہنے کے سوال پر ریحام خان کا کہنا تھا کہ یہ عمران خان کا معجزہ ہے کہ کراچی میں تبدیلی آ گئی ہے۔ قبل ازیں عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے ریحام کو کراچی آنے کی دعوت نہیں دی بلکہ وہ خود کراچی آ رہی ہیں۔