گجرات + لاہور + اسلام آباد (پریس ریلیز 09-04-2015) پاکستان کے ممتاز سنی رہنماء اور بزرگ ترین عالم دین حضرت پیر محمد افضل قادری کیخلاف پنجاب حکومت اور گجرات انتظامیہ کی طرف سے فورتھ شیڈول کی پابندیاں لگانے کی شدید مذمت کرتے ہیں، حکومت غیر ملکی ایجنڈے کے تحت پرامن سنی علماء ومشائخ کی تذلیل کا سلسلہ فی الفور بند کرے۔
ان خیالات کا اظہار سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری، سنی مجلس عمل کے سرپرست شیخ الحدیث حافظ خادم حسین رضوی، ادارہ صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی، عالی تنظیم اہلسنت کے مرکزی ناظم اعلیٰ صاحبزادہ ضیاء اللہ قادری، سربراہ میلاد کمیٹی لاہور سید مختار اشرف رضوی، مفتی حنیف قریشی، پیر اعجاز اشرفی، علامہ فیروز الدین قادری، صاحبزادہ داؤد احمد رضوی، پیر سید وسیم شبیر شاہ حافظ آبادی اور دیگر علماء ومشائخ نے کیا۔
جبکہ تنظیم اہلسنت کے رہنماؤں نے اعلان کیا کہ اگر فی الفور حضرت پیر محمد افضل قادری کا نام خارج نہ کیا گیا تو لاہور تا اسلام آباد لانگ مارچ چلائینگے۔ علماء نے مزید کہا پیر صاحب کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنا دہشت گردوں کو خوش کرنے کے مترادف اور آپریشن ضرب عزم کیخلاف گہری سازش ہے۔ تحفظ ناموس رسالت کی پاداش میں حضرت پیر محمد افضل قادری کیخلاف فورتھ شیڈول کی وہ پابندیاں لگائی گئی ہیں جو کالعدم تنظیموں اور دہشت گردوں کے خلاف لگائی جاتی ہیں۔
اندریں صورتحال گجرات کی تمام سنی تنظیموں نے 14 اپریل بروز منگل دن 11 بجے کچہری چوک گجرات میں ہونے والے جلسہ کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ جبکہ پیر صاحب کے مریدین عقیدتمندوں شاگردوں نے شدید غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیسی اندھیر نگری ہے کہ دہشتگردوں کی بجائے پر امن علماء حق پر سرا سر ناجائز پابندیاں لگائی جارہی ہیں، اگر ضرورت پڑی تو جیل بھرو تحریک شرع کردینگے۔