ماضی کو فراموش کر کے بہتر مستقبل پر نظریں ہیں، محمد عامر

Mohammed Aamir

Mohammed Aamir

کراچی (جیوڈیسک) آئی سی سی کی اجازت کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں قدم رکھنے والے فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ ماضی کو فراموش کرکے اچھے مستقبل پر نظریں ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے لیے پر امید مگر اس وقت نظریں اتوار سے شروع ہونے والے پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل پر ہیں، مکمل فٹنس اولین ترجیح ہے، انھوں نے ان خیالات کا اظہار جمعے کوعمرایسوسی ایٹس کی ٹیم کے ہمراہ نیٹ پریکٹس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

میچ فکسنگ کے جرم میں سزاپانے والے محمد عامر نے کہا کہ5 برس تک کرکٹ سے دور رہنے سے فرق تو پڑا ہے، لیکن میری فٹنس بتدریج بہتر ہورہی ہے،تاہم مکمل طور پر ردھم میں آنے میں کچھ وقت ضرور درکار ہوگا،انھوں نے کہا کہ عمر ایسوسی ایٹس کی ٹیم کی جانب سے گزشتہ 4 میچوں میں دوران بولنگ اپنی خامیوں کو تلاش کرنے کی کوشش کی، ڈومیسٹک کرکٹ میں موقع دینے پر ندیم عمر کاشکر گزار ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ میدان میں واپس آکر میرا اعتماد بھی بحال ہو رہا ہے، میں سب کچھ بھلا کر یکسوئی اور توجہ کے ساتھ مستقبل پر توجہ دے رہا ہوں،عالمی کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کی بات قبل از وقت ہے،ایک اور سوال کے جواب میں محمد عامر نے کہا کہ مخا لفین اور ناقدین کے ساتھ ساتھ میرے چاہنے والے بھی موجود ہیں۔

تنقید کو مثبت انداز میں لیکر اپنی اصلاح کی کوشش کرتا ہوں، ایک اور سوال پر انھوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ عالمی کپ کے دوران قومی فاسٹ بولرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن یہ ان کے لیے باعث خطرہ نہیں، انھوں نے کہاکہ میری کوشش ہوگی کہ اتوار سے شروع ہونے والے فائنل میں کے پی ٹی کیخلاف بہتر سے بہترکارکردگی پیش کروں۔