یمن جنگ میں فریق نہ بننا قومی امنگوں کی ترجمانی ہے۔ امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں یمن جنگ میں فریق نہ بننے کی مشترکہ قرارداد کی منظوری پر اراکین پارلیمنٹ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد وچیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ یمن جنگ میں فریق نہ بننے کا فیصلہ ہی قوم کے مفاد میں ہے۔

اراکین پارلیمنٹ نے قومی مفادات کو فوقیت دیکر ثابت کردیا ہے کہ پارلیمنٹ ہی وہ فورم ہے جہاں قوم کے فیصلے کئے جانے چاہئیں مگر ان فیصلوں میں انفرادی ‘ گروہی اور ذاتی مفادات کی بجائے قومی مفادات کو اولیت و فوقیت دی جائے اور دی جاتی تو یقینا صورتحال موجودہ حالات سے قطعاً مختلف ہوتی پھر بھی دیر آید درست آید کے مصداق قومی مفادات کے تحت فیصلے پارلیمنٹ کے ماتھے پر لگے داغو ں کو دھونے کے اسباب پیدا کریں گے۔

جبکہ یمن اور سعودی عرب کے درمیان جاری جنگ میں پاکستان کا فریق نہ بننے کے فیصلے کے مثبت ثمرات جلد ہی مسلم امہ اور خطے پر رونما ہونگے اور یمن کی خانہ جنگی کو مذاکرات ، بات چیت اور افہام و تفہیم کے ذریعے ختم کرانے کیلئے مسلم امہ اور عالمی برادری اپنی تمام توانائیوں اور صلاحیتیوں کو استعمال کرے گی۔