پاک و پاکیزہ زندگی کے لیے اسوہ فاطمة الزہرا کو شعار بنانا ہو گا۔ علامہ اصغر عسکری

MWM

MWM

اسلام آباد : دور عصر کی آلائشوں سے نجات حاصل کرنے اور پاک و پاکیزہ زندگی گزارنے کے لیے اسوہ حضرت فاطمةالزہرا سلام اللہ علیہ کو شعار بنانا ہو گا۔ دین و دنیا کی سرفرازی خاتون جنت سلام اللہ علیہ کی تعلیمات میں پوشیدہ ہے۔

ان خیالات کااظہار مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری نے حضرت فاطمةالزہرا سلام اللہ علیہ کی یوم ولادت کے موقعہ پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی دفتر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام حضرت حسین علیہ السلام کی باطل و استکباری قوتوں کے خلاف مثالی جرات و استقامت دراصل تربیت آغوش خاتون جنتؑ کا ہی نتیجہ ہے۔دور حاضر میں ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے غیر ملکی اسلام دشمن قوتیں پوری سرعت کے ساتھ ہماری نئی نسل کے اذہان کو منتشر کرنے کے درپے ہیں۔

اس فکری تنزلی کا واحد سبب درس اہلبیت اطہار سے دوری ہے۔دین اسلام میں پوری طرح داخل ہونے کے لیے تعلیمات اہلبیت علیہ السلام پر عمل کی اشد ضرورت ہے انہوں نے کہا سرور کائنات حضرت محمد نے یہ کہہ کرہمیں اللہ کے راضی یا ناراض ہونے کا بہترین نسخہ بتا دیا ہے۔

جس سے فاطمہ راضی ہوں اس سے اللہ راضی اور جس سے فاطمہؑ ناراض ہوں اس سے اللہ ناراض ہے۔ اگر ہم نے اللہ کو راضی کرنا ہے تو پھر اسوہ فاطمہ سلام اللہ علیہ پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔