کراچی (اسٹاف رپورٹر) تنظیم فلاح و بہبود شعبہ خواتین کی صدر نجمہ اشفاق نے ملیر ،کھو کھرآپار سمیت ملیر ٹائون کے مختلف علاقوں میں بلدیاتی سہولیات کے فقدان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ صفائی وستھرائی کا ناقص انتظامات اور سیوریج مسائل نے عوامی زندگی کو اجیرن بنادیا ہے گندگی اور غلاظت کے باعث علاقوں میں مہلک امراض پھوٹنے کا خطر ہے۔
بلدیاتی ادارے عوام کو درپیش علاقائی مسائل کو مسلسل نظر انداز کررہے ہیں جس کی وجہ سے عوام شدید مسائل سے دو چار ہیں یہ بات انہوں نے تنظیم فلاح و بہبود کے جنرل سیکریٹری مختار احمد ،حناء اظہر اور سدرہ قریشی کے ہمراہ محمدی ڈیرہ ،چمن کالونی ،ملیر توسیع کالونی، کھو کھرآپار اور محبت نگر سمیت ملیر ٹائون کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔
نجمہ اشفاق نے کہاکہ بلدیاتی اداروں میں عوامی نمائندگی نہ ہونے کہ وجہ سے علاقے خصوصاً مضافاتی علاقے کھنڈرات میں تبدیل ہوچکے ہیں اور یہاں کے عوام بلدیاتی مسائل کے حوالے سے شدیداذیت کا شکار ہیں۔
تنظیم فلاح و بہبود کے عہدیداروں نے وزیر اعلیٰ سندھ ،گورنر سندھ ، صوبائی وزیر بلدیات ،کمشنر کراچی ،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی سے اپیل کی ہے کہ ملیر ٹائون اور اس کے گرد نواح میں قائم آبادیوں میں عوام کو درپیش مسائل کا نوٹس لیں اور علاقہ عوام کو بلدیاتی مسائل سے نجات دلا ئیں۔