لاہور (جیوڈیسک) ملک بھر کے کنٹونمٹ بورڈز میں پچیس اپریل کو بلدیاتی الیکشن ہوں گے۔ جمعہ المبارک کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کے آخری دن درجنوں امیداروں نے کاغذات واپس لے لئے۔ ہفتہ کے روز حتمی فہرستیں آویزاں اور انتخابی نشانات الاٹ ہوں گے۔ لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کی دس نشستوں سے بائیس امیدواروں نے کاغذات واپس لے لئے۔
پچاسی امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں۔ والٹن کنٹونمنٹ بورڈ سے سترہ امیدواروں نے کاغذات واپس لے لیے اب ایک سو اٹھارہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ حیدر آباد کنٹونمنٹ بورڈ کی دو وارڈ ز میں ایم کیو ایم کے امیدواروں کے مقابلے میں کسی نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔
کوئٹہ کے 5 وارڈز میں چھیالیس امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ سات کے مسترد ہو گئے۔ ملتان کی دس وارڈز میں سے تین پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئے جن میں مسلم لیگ ن کے طارق نیاز ، تحریک انصاف کے فضل حسین ،آزاد امیدوار ضیغم ملک شامل ہیں۔
گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور کھاریاں بورڈز کی سترہ وارڈز میں ایک سو پچاس امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔ مری سے پی ٹی آئی کے خلیل ملک بلامقابلہ منتخب ہو گئے۔ آزاد حیثیت میں منتخب امیدواروں میں منگلا سے محمد ریاست، ایبٹ آباد سے محمد بشیر ،چراٹ سے محمد فاروق اور عامر حسین ، پنوں عاقل سے علی بخش مہر اور خان محمد بروہی ، ژوب سے فتح محمد اور جمعہ خان شامل ہیں۔