واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی عدالت نے بھارتی نژاد خاتون سندیپ کور کو 4 بینک ڈکیتیوں کے الزام میں ساڑھے 5 سال قید کی سزا سنادی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بم شیل بینڈٹ کہلائی جانے والی کیلی فورنیا کی رہائشی 24 سالہ بھارتی نژاد خاتون سندیپ کور نے گزشتہ سال 4 بینکوں میں کیشیئر کو بم دھماکوں کی دھمکی دے کر 44 ہزار ڈالر لوٹے تاہم ریاست يوٹا کے ایک بینک میں ڈکیتی کے بعد وہ پکڑی گئی اور وہیں کی ڈسٹرکٹ عدالت میں ان کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی۔
قانونی ماہرین کے مطابق ڈکیتی کے مقدمات میں انہیں 20 سال تک کی سزا ہو سکتی تھی اور ہرجانے کے طور پر ڈھائی لاکھ ڈالر دینے پڑ سکتے تھے تاہم عدالت نے انہیں ساڑھے 5 سال قید کی سزا سنائی۔
سندیپ کے وکیل کا کہنا تھا کہ بینک کے کیشئیر کو بم اور گولی کی جو دھمکی دی گئی وہ محض دھمکی ہی تھی کیونکہ سندیپ نے اپنے کپڑوں کے اندر اپنی انگلی کو بندوق کی طرح تان رکھا تھا جب کہ ان کے پاس کوئی بم بھی نہیں تھا۔