بلدیہ کورنگی کا صفائی و ستھرائی کا عمل 24گھنٹے جاری رکھنے کا اعلان

کراچی : بلدیہ کورنگی کا ضلع بھر میں صاف ستھرا صحت مند ماحول کے قیام کے لئے صفائی وستھرائی کے نظام میں انقلابی اصلاحات لانے کا اعلان کرتے ہوئے تین شفٹوں میں 24گھنٹے صفائی وستھرائی کے انتظامات جاری رکھنے کا اعلان کردیا تمام یونین کمیٹیز کی اندورنی گلیوں اور اہم شاہراہوں میں صفائی وستھرائی کے نظام کی مکمل نگرانی کی جائیگی۔

صفائی وستھرائی سے متعلق عوامی شکایات پر متعلقہ ذمہ دران کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کی جائیگی ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ بلدیہ کورنگی کے تمام محکمہ جاتی سربراہان کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ عوامی خدمت کو شعار بنایا جائے۔

علاقائی ترقی اور عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلا نے کے حوالے سے تمام تر وسائل اور محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لاکر مسائل سے پاک ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائے انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ کوڑا کرکٹ ،کچرا اور بلڈنگ میٹریل شاہراہوں اور گلیوں میں پھینک کر عوامی مسائل میں اضافہ کرنے والو ں کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں اور غیر قانونی اقدامات کے مرتکب افراد اور اداروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے ضلع کورنگی میں بسنے والے ہر فرد سے اپیل کی ہے کہ ضلع کورنگی کے ہر گلی اور محلے کو صاف ستھرا اور سرسبز بنا نے میں بلدیہ کورنگی سے تعاون کریں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے محکماجاتی افسران سے کہا ہے کہ وہ علاقائی مسائل کے حوالے سے درپیش عوامی مسائل کے تدارک کے لئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لائیں صفائی وستھرائی کے عمل کو بہتر بنا نے کے ساتھ صحت مند ماحول کے قیام کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے تواتر کے ساتھ انجام دیا جائے اس موقع پر انہوں نے محکمہ پارکس کے افسران کو ہدایت کی کہ سرسبز ماحول کے قیام کے لئے تمام فیملی پارکس ،کھیل کے میدانوں اور شاہراہوں کی سنٹرل آئی لینڈ اور گرین بیلٹس کو سرسبز بنا یا جائے۔

میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی نے افسران و عملے کو تاکید کی ہے کہ عوامی مسائل سے غفلت اور لاپرواہی کا قطعی مظاہرہ نہ کیا جائے فرائض کی ادائیگی کو دیانتداری کے ساتھ انجام دیتے ہوئے مسائل کا خاتمہ ترجیحی بنیادوں پر کرنے کے لئے حکمت عملی کا تعین کرکے بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات کو مزید تیز کیا جائے۔

Nishat Zia Qadri Conference

Nishat Zia Qadri Conference