موسم نے کروٹ بدل لی، آج لاہور میں ہلکی بارش برس سکتی ہے

Weather

Weather

لاہور (جیوڈیسک) موسم نے کروٹ کیا لی، گرمی اپنا رنگ دکھانے لگی۔ موسم کا حال بتانے والوں نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی نوید سنا رکھی ہے تاہم لاہور ڈویژن میں چند ایک مقامات پر بادل گرج چمک کے ساتھ اپنا رنگ جما سکتے ہیں۔

ملک کے بیشتر حصوں میں بادلوں کے چھٹتے ہی گرمی بھی اپنا رنگ دکھانے لگی۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ درجہ حرارت میں اضافہ ہونے لگا ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کھلا نیلا آسمان اور راولپنڈی میں بھی مطلع صاف ہے۔

دوسری طرف موسم کا حال بتانے والوں نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی نوید سنا رکھی ہے تاہم لاہور ڈویژن میں چند ایک مقامات پر بادل گرج چمک کے ساتھ اپنا رنگ جما سکتے ہیں۔

اولیاؤں کے شہر ملتان میں بھی درجہ حرارت بتدریج بڑھ رہا ہے ۔ کوئٹہ سمیت صوبے کے اکثر علاقے بتدریج گرمی کی لپیٹ میں آ رہے ہیں ۔ سندھ بھر میں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا۔ درجہ حرارت میں دو ڈگری تک اضافے کا امکان ہے جس کے باعث گرمی کی شدت بڑھے گی۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت 43 ، لسبیلہ 39، میرپورخاص 38 ، ڈیرہ غازی خان ، سبی ، شہید بینظیر آباد اور کراچی میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔