لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر پانی خواجہ آصف نے فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے لیسکو اہلکار میاں منشا کے ورثا کیلئے 25 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
ملزم آصف عرف اچھی نے آج صبح زمین کے تنازع پر فائرنگ کر کے لیسکو اہلکار کو قتل کر دیا تھا۔ آنکھوں سے رواں آنسو ، پریشان حال چہرے پر ان گنت سوال ، کون ہے جو اب دست شفقت رکھے اس یتیم کے سر پر۔ مقتول کے معصوم بیٹے نے روتے ہوئے کہا ہمارے ساتھ ظلم کی انتہا ہو گئی ، آج صبح لاہور کے علاقے شالیمار سکھ نہر پر واقع لیسکو آفس پر زمین کے تنازع پر ملک آصف عرف ملک اچھی نامی شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر کے گھر کے واحد کفیل لیسکو پمپ آپریٹر میاں منشا کو قتل کر دیا تھا۔
ملزم کی فائرنگ سے ایک ایک پولیس اہلکار اور مالی زخمی ہو گئے تھے ، پانی وبجلی کے وفاقی وزیر خواجہ آصف نے سفاکانہ قتل کا نوٹس لیتے ہوئے مقتول کے ورثا کیلئے 25 لاکھ روپےامداد کا اعلان کیا ہے ، خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام واقعہ میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں ۔ اس سے پہلے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے زخمیوں کو علاج و معالجے کی ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے پولیس سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے ۔