پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا میں 30 مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 17اپریل تک جمع کرائے جا سکیں گے جس کے بعد اعتراضات اور سکرونٹی کا عمل شروع ہو گا جو 25 اپریل تک جاری رہے گا۔ 7 مئی کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
بلدیاتی انتخابات کیلئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز مقرر کیا گیا ہے لیکن صوبائی وزیر بلدیات کا کہنا ہے کہ انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کرائے جائیں۔ نئے بلدیاتی ایکٹ کے تحت ضلع پشاور میں 327ویلج کونسل اور نیبرڈ ہوڈ کونسلز قائم کی گئی ہیں۔
ویلج اور نیبرہڈ کونسل کا سربراہ ناظم اور نائب ناظم ہو گا جو عوام کے ووٹ سے منتخب ہو گا۔ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر امیدوار بھی خوش نظر آئے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر پشاور ریاض محسود کہتے ہیں کہ پرامن اور شفاف انتخابات کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں گے۔
خیبرپختونخوا میں ویلج اور نیبرہڈ کونسلز کے انتخابات غیرجماعتی جبکہ ٹاون ناظم اور ضلع ناظم کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔