غزہ (جیوڈیسک) فلسطین میں شدید بارش میں اجتماعی شادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں 200 نادار جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے۔
غزہ میں متحدہ عرب امارات کے سربراہ شیخ خلیفہ بن زائد بن سلطان النہیان کی سرپرستی میں چلنے والے فلاحی ادارے کی مالی معانت سے تقریب منعقد ہوئی جس میں فلسطین کے 200 نادار، بے سہارا اور اسرائیلی جارحیت کا شکار جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے۔
شادی کی اس تقریب میں 5ہزار افراد نے شرکت کی۔ اجتماعی شادی کی تقریب میں نو بیاہتا جوڑے ایک قافلے کی شکل میں پہنچے جہاں نوبیاہتا جوڑوں تحائف پیش کئے گئے۔
اس موقع پر مقامی روایات کے تحت شادی کی رسومات بھی ادا کی گئیں جب کہ لوگوں کی خوشیوں کو ابر رحمت نے مزید دوبالا کر دیا۔ نوبیاہتا جوڑوں اور ان کے عزیز و اقارب کا کہنا تھا کہ غزہ کے لوگوں کے لئے اس قسم کی تقریبات کا انعقاد بہت ضروری ہے کیونکہ کئی برسوں سے جاری اسرائیلی محاصرے کی وجہ سے ہمارے تمام حقوق سلب ہو چکے ہیں۔