وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) ٹریفک کا نظام سپرد خدا، وارڈن ٹریفک کنٹرول کرنے کی ڈیوٹی دینے کی بجائے ٹارگٹ مکمل کرنے کو ترجیح دینے لگے،وزیرآباد کے مختلف علاقوں لاہوری گیٹ ، احمد نگر روڈ چوک،ڈسکہ روڈ، کچہری چوک ، اوورہیڈ بریج چوک وغیرہ میں رش کی وجہ سے ہر دوسرے منٹ بعد ٹریفک بلاک ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ٹریفک وارڈن اپنی ڈیوٹیاں نبھانے کی بجائے علی الصبح ہی موٹرسائیکل سواروں کی تاک میں رہتے ہیں بعد میں پورا دن اڈہ مالکان اور قریبی دکانوں سے گپ شپ اور لسی پینے میں مصروف رہتے ہیں۔
مختلف علاقوں میں ٹریفک میں پھنسے افراد اس دوران ٹریفک وارڈنز کی راہیں تکتے دکھائی دیتے ہیں تا کہ ٹریفک کو کنٹرول کرکے رستے کھلوائے جائیں اور لوگ بخیر و عافیت اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔ کچہری کے اطراف میں ٹریفک بلاک ہونے سے عدالتوں میں آئے سائلین ہر وقت سیکیورٹی رسک میں رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیرآباد میں تعینات ٹریفک وارڈن رئیس زادوں کی طرح اپنی ڈیوٹی دینے سے کتراتے ہیں ،بااثر افراد کے لاڈلے شہر کو خدا کے سپرد کرکے خزانہ سرکار پر بھاری بوجھ بنے ہوئے ہیں۔ شرفائے شہر ٹریفک وارڈنوں کی ٹارگٹ مہم سے پریشان دکھائی دیتے ہیں۔ عوامی، سماجی حلقوں نے شہر میں ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کیلئے ذمہ دار وارڈنوں کی تقرری کا مطالبہ کیا ہے۔