سیٹل (جیوڈیسک) الاسکا سے اڑان بھرے والے مسافر طیارے کو اس کے کارگو میں ایک شخص کے پھنسے ہونے کی اطلاع ملتے ہی پرواز کو ہنگامی بنیادوں پر اتار لیا گیا۔
الاسکا سے 170 مسافروں کو لاس اینجلس لے جانے والی پرواز نے معمول کے مطابق اڑان بھری تاہم کچھ دیر بعد ہی جہاز کے کارگو سے زور زور سے دستک دینے کی آواز آنا شروع ہوگئی جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
جہاز کےعملے نے واقعے کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے اس کی اطلاع پائلٹ کو دی جس کے بعد جہاز کو ہنگامی بنیادوں پر قریبی سیٹل ایئرپورٹ پر اتار کر کارگو میں پھنسے شخص کو فوری طور پر ریسکیو کیا گیا جو سامان لوڈ کرنے کے بعد کارگو میں ہی سوگیا تھا۔
ایئر لائن انتظامیہ نے واقعے کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ جہاز میں کارگو لوڈ کرنے والا ورکر سامان لوڈ کرنے کے دوران تھک کر اندر ہی سوگیا جب کہ اس کے افسر نے اسے متعدد بار فون کیا جس پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
انتظامیہ کے مطابق ورکر جسمانی طور پر بہتر حالت میں ہے اور اسے معمولی چیک اپ کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔