جوڈیشنل کمیشن: اے این پی اور مہاجر قومی موومنٹ کی درخواستیں جمع

Judicial Commission

Judicial Commission

اسلام آباد (جیوڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی اور مہاجر قومی موومنٹ نے مبینہ منظم انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشنل کمیشن میں درخواستیں جمع کرادیں۔ سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری نے بھی تحریک انصاف کے ممکنہ الزامات کے بوقت ضرورت جواب دینے اور کمیشن کے روبرو پیش ہونے کی درخواست دائر کر دی ہے۔

2013 کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے عدالتی کمیشن میں سیاسی جماعتوں نے درخواستیں جمع کرانا شروع کردی ہیں۔ منگل کو عوامی نیشنل پارٹی، مہاجر قومی موومنٹ اور سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری کی جانب سے کمیشن کو درخوستین جمع کرائی گئیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے لطیف آفریدی، سینٹر زاہد خان اور میاں افتخار حسین نے درخواست جمع کرائی۔ مہاجر قومی موومنٹ کے آفتاب حسین نے دعوی کیا کہ 2013 کے عام انتخابات میں کراچی میں منظم دھاندلی ہوئی جس کے ثبوت انہوں نے سیکریٹری کمیشن کو پیش کردیے ہیں۔

سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے وکیل شیخ احسن الدین کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے سابق چیف جسٹس پر کئی الزامات لگائے ہیں، انہوں نے کمیشن سے درخواست کی ہے کہ وہ بوقت ضرورت الزامات کا جواب دینے اور کمیشن کے سامنے پیش ہونے کو تیار ہیں۔ جوڈیشل کمیشن نے 2013 کے انتخابات میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں کو 15 اپریل تک بیان اور ثبوت جمع کرانے کا حکم دے رکھا ہے۔

چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس اعجاز افضل خان پر مشتمل کمیشن 16اپریل کو کھلی عدالت میں دوپہر ایک بجے اپنی کارروائی کا آغاز کرے گا۔