حسن بِن صباح کی جنت اور خود کش حملہ آور

Islam

Islam

تحریر:سید فیضان رضا
یہ گیارہویں صدی عیسوی کا زمانہ ہے! اسلام کی سربلندی اور سرفرازی کے لیے سلاطینِ سلجوق دل و جان سے کوششوں میں لگے ہوئے تھے۔ اس زمانے میں مشہور امام موافق کی درسگاہ نے عالمی شہرت پائی کیونکہ یہاں سے وقت کے عظیم لوگ فارغ التحصیل ہوئے یا یوں کہیے کہ امام موافق کے مدرسے سے فارغ ہونے والے بیشتر لوگوں نے تاریخ میں اپنا نام پیدا کیا۔ اِسی مدرسے میں تین طلباء کی دوستی قابلِ رشک سمجھی جاتی تھی جن کا اُٹھنا بیٹھنا کھانا پینا سب کچھ ایک ساتھ تھا۔ دو ہم نام تھے ، جن میں ایک کا نام حسن طوسی اور دوسرے کا نام حسن بن صباح تھا ۔تیسرے دوست کا نام عمر تھا۔ عمر ، جو بعد میں عمر خیام کے نام سے مشہور ہوا نے اپنی علمی دھاک ایسی بٹھائی کہ لوگ آج تک اُس کی علمی باتوں کو بطور حوالہ پیش کرتے ہیں۔عمر خیام وقت کا بہترین شاعر اور علم دان بناجس کی تحقیق اور علمی تدبر سے آنے والے زمانے سیراب ہوتے رہے۔حسن طوسی جنہیں تاریخ نظام الملک خواجہ حسن طوسی کے نام سے جانتی ہے، نے اپنے علم و دانش اور تدبر کے باعث سلجوقیہ سلطنت میں جگہ بنائی اور وزارتِ عظمیٰ کے عہدے تک پہنچے۔

سلاطین نے ہی اُنہیں نظام الملک کا خطاب دیا تھا اور سلطنت کا کوئی کام اِن کے مشورے کے بغیر نہیں کرتے تھے۔ان کا بنایا ہوا مدرسہ نظامیہ آج تک اپنی تاریخی حیثیت کے ساتھ موجود ہے جس نے ایک زمانے کی علمی تشنگی کو سیراب کیا ہے۔تیسرا کردار، حسن بن صباح ، جس نے نہ صرف تاریخ میں جگہ بنائی بلکہ اپنے ذہنی اور ابلیسی کمالات کی ایسی داستان رقم کی کہ آنے والی نسلیں بھی اس کا نام سُن کر کانپتی رہیں۔ وہ کردار جو اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ تھا مگر وقت کے بادشاہ بھی اُس پر ہاتھ ڈالنے سے ڈرتے تھے، اور جو حکمران اس کے خلاف کاروائی کی کوشش بھی کرتا اُسے بے دردی سے قتل کر دیا جاتاتھا۔حسن بن صباح کی پوری تاریخ تو پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے مگر میں آپ کو یہاں چیدہ چیدہ واقعات کے ذریعے اُس کی حقیقت بتانے کی کوشش کرتا ہوں۔

حسن بن صباح شروع میں اسماعیلی فرقے سے تعلق رکھتا تھا اور ایک زمانے تک اپنے آپ کو سُنی ظاہر کرتا رہا، مگر بعد میں اِس نے اپنے ہی نئے فرقے کی بُنیاد رکھ دی، اور خود کو خدا کا ایلچی اور امام بنا کر مذہبِ اسلام کی بیخ کُنی کرنے لگا۔اس نے تا عمر اپنے آپ کو اہلِ اسلام ظاہر کیا اور اپنے پیروکاروں کو گمراہ کرتا رہا۔ عملِ تنویم (ہپناٹزم) کا باقاعدہ استعمال سب سے پہلے حسن بن صباح نے ہی کیا تھا، اس سے پہلے یہ علم ایک نامعلوم حیثیت سے موجود تھا۔اس نے مشہور قلعہ المُوت میں اپنی حکومت قائم کی اور یہیں مشہور اور بدنامِ زمانہ جنت تعمیر کی گئی جہاں حسن بن صباح نے 35 برس تک حکمرانی کی اور نوے سال کی عمر میں طبعی موت مرا کیونکہ کسی کو اس کے قلعہ کے قریب آنے کی جرات بھی نہیں ہوئی۔ حسن بن صباح کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ اِس کے فدائین تھے جو بعد میں حشیشین کے نام سے بھی مشہور ہوئے کیونکہ وہ حشیش (ایک قسم کی بھنگ) کا نشہ کرتے تھے۔ یہ فدائین تھے کیا؟ اس بات کا اندازہ آپ ان واقعات سے لگا سکتے ہیں۔

Hasan Bin Sabah

Hasan Bin Sabah

جب حسن بن صباح کا فتنہ بہت بڑھ چکا تو سلجوقی سلطان ملک شاہ نے اس کے خلاف لشکر کشی کا فیصلہ کیا۔ لشکرکشی سے پہلے ایک قاصد کو یہ پیغام دے کر بھیجا گیا کہ حسن بن صباح خود کو سلطنت کے حوالے کردے اور اپنی منفی سرگرمیاں ختم کردے ورنہ اُس کے قلعہ پر چڑھائی کردی جائیگی۔ ایلچی نے یہ پیغام قلعہ المُوت میں جا کر حسن بن صباح کو سُنایا۔”میں کسی کی اطاعت قبول نہیں کرتا” حسن بن صباح نے کہا، ”اور نظام الملک سے کہنا کہ میں بچپن کی دوستی کے تحت تمہیں مشورہ دیتا ہوں کہ یہاں کا رُخ مت کرنا ورنہ تمہاری فوج کا انجام بہت بُرا ہوگا”۔ایلچی یہ پیغام لے کر جانے لگا تو حسن بن صباح نے اُسے روک لیا۔ ”ٹھہرو شاید تم میری باتوں کا یقین نہ کرو میں تمہیں کچھ دکھانا چاہتا ہوں”۔اس کے بعد حسن بن صباح کے حکم سے کچھ فدائین قطار بنا کر وہاں کھڑے ہوگئے۔اس نے ایک فدائی کو بُلا کر خنجرپکڑایا اور کہا، ”اِسے اپنے سینے میں اُتار لو”۔اُس فدائی نے بلند آواز میں نعرہ لگایا ”یا شیخ الجبل تیرے نام پر” اور خنجر اپنے دل میں اُتار لیا۔اس کے بعد ایک دوسرے فدائی کو بلا کر حکم دیا کہ بلندی پر جا کر سر کے بل چھلانگ لگا دو ۔وہ خاموشی سے گیا اور چھت سے چھلانگ لگادی اور اپنی گردن تڑوا بیٹھا۔

ایسے ہی ایک فدائی کو پانی میں ڈوبنے کو کہا گیا اور اُس نے بخوشی اپنے آپ کو پانی کی تُند و تیز لہروں کے حوالے کردیا۔اس ایلچی نے جا کر یہ تمام واقعات سلطان اور نظام الملک کو گوش گزار کردیے۔نظام الملک خواجہ حسن طوسی یہ سن کر جذبہء ایمانی کے غصے سے لبریز ہوگئے اور سلطان کو فوراً لشکر کشی کا مشورہ دیا جسے سلطان نے قبول کرتے ہوئے اپنے فوجوں کا رُخ قلعہ المُوت کی طرف کرلیا ۔ حسن بن صباح نے یہ سُنا تو زیرِ لب مسکرایا اور کہا، ” حسن طوسی کو قتل کردو” بس اتنا ہی کہنا تھا اور خواجہ حسن طوسی کو قتل کردیا گیا، اور عظیم الشان لشکر راستے سے ہی واپس ہولیا۔بعد میں سلطان ملک شاہ کو بھی قتل کر دیا گیا۔قتل کرنے کا طریقہ بڑا سادہ ہوتا تھا۔فدائی مطلوبہ شخصیت تک کسی بھی طریقے سے پہنچتا تھا اور اس کو قتل کر کے ایک بلند نعرہ لگاتا تھا ”یا امام الجبل حسن بن صباح! تیرے نام پر تیری جنت سے اللہ کی جنت میں جا رہا ہوں”اور اپنے دل میں خنجر اُتار لیتا تھا۔ایسے ہی حسن بن صباح نے اعلیٰ شخصیات اور وقت کے بہترین علماے کرام کو قتل کروایا۔ حتیٰ کہ اپنے آخر دور میں یہ فدائی باقاعدہ کرائے کے قتل بن گئے اور عیسائیوں کے کہنے پر انہوں نے سلطان صلاح الدین ایوبی پر بھی تین قاتلانہ حملے کیے مگر ایوبی سلامت رہا۔

آخر یہ فدائی خود کش حملہ کیسے کر لیتے تھے؟ اس کے لیے پہلے آپ کو حسن صباح کی جنت کا احوال جاننا ہوگا۔ حسن بن صباح نے قلعہ المُوت میں ایک جنت تعمیر کر کھی تھی۔یہاں جنت کے مذکور تمام سامان آراستہ کرنے کی پوری کوشش کی گئی تھی۔دودھ، شہد اور صاف پانی کے چشمے بنائے گئے۔جنتی حوروں کی مثل لڑکیاں دُنیا بھر سے اکھٹی کر کے یہاں لائیں گئیں۔جہاں یہ جنت بنائی گئی وہ جگہ ویسے ہی قدرتی حسن سے مالا مال تھی۔ سرسبز و شاداب مناظر کسی بھی شخص کا دل موہ لینے کے لیے کافی تھے۔حسن بن صباح کے فدائین حشیش کے نشے کے زیرِ اثر یہاں لائے جاتے تھے۔یہ ایسا نشہ ہوتا تھا کہ انسان ویسے ہی اپنے آپ کو جنت میں محسوس کرنے لگ جاتا اس پر جب اس کو مصنوعی جنت کے نظاروں میں لڑکیوں کی دلفریب ادائوں کی نظر کیا جاتا تو وہ بالکل ہی مدہوش ہو جاتا۔بات یہیں ختم نہیں ہو جاتی۔

یہاں جو بھی لایا جاتا وہ کچی عمر میں لایا جاتا تھا۔حشیش کا نشہ ، جنت کے حسین نظاروں اور حوروں کے علاوہ ان پر عملِ تنویم (ہپناٹزم) کیا جاتا تھا جس میں حسن بن صباح نے خاص مہارت حاصل کی تھی۔بارہ سے لے کر سترہ سال تک کے یہ لڑکے جب عمر کی پختگی تک پہنچنے لگتے تو وہ ایسے ہی محسوس کرتے تھے جیسے وہ واقعی جنت میں رہتے ہوں اوراِس کے بغیر ایک لمحہ جینا بھی ان کے لیے محال ہوگا۔اِن سے کہا جاتا کہ فلاں کو قتل کر کے خود کو مار لو گے تو اس سے بڑی اللہ کی جنت میں پہنچ جائو گے۔ان تمام مراحل میں وہ شخص ہمہ وقت ایک خواب کی کیفیت میں رہتا تھاجو حشیش اور ہپناٹزم کا اثر تھا۔وہ شخص جنت کے لیے اس قدر بے چین ہوتا کہ بخوشی اپنی جان حسن بن صباح پر قربان کردیتاتھا۔

Suicide Attack

Suicide Attack

پاکستان میں ہونے والے خودکش حملوں میں بالکل ایسے ہی فدائی استعمال ہوتے ہیں۔یہ سب اٹھارہ سال سے کم ہوتے ہیں۔ان سب کی برین واشنگ کی جاتی ہے جیسے حسن بن صباح اپنے فدائین کی کرتا تھا۔ان سب کو ہپناٹزم اور نشے کے زیرِ اثر لاکر اس کام کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔یہاں بھی ایسی ہی جنتوں کی نشاندہی ہوئی ہے جو ان لڑکوں کی ٹریننگ کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔حال میں ہی گرفتار ہونے ہونے والے کچھ نو عمر لڑکوں نے یہ انکشافات کیے ہیں کہ طالبان سکول اور کالجز کی لڑکیوں کو اغوا کر کے اُن سے زیادتی کرتے تھے۔یہ لڑکیاں اُن کو بطور حوریں پیش کی جاتی تھیں۔اور پھر قرآن و حدیث کی روشنی میں بتایا جاتا تھا کہ اگر تم یہ خود کش حملہ کروگے تو جنت میں کثیر تعداد حوریں تمہارا استقبال کریں گی۔ایک گرفتار نو عمر خود کش حملہ آور نے انکشاف کیا کہ حوروں کا اس قدر دلفریب بیان کیا جاتا تھا ہم اُن کے حصول کے لیے پاگل ہو جاتے تھے،اورحور نما لڑکیاں آکر اپنا جسم ان کے ساتھ مَس کر کے ان کے جذبات میں ہیجان پیدا کر دیتی تھیں۔ اس کے علاوہ زیادہ اثر ہپناٹزم اور نشہ آور چیز کا ہوتا ہے۔شعور کمزور کردیا جاتا ہے اور سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سلب کر کے جنت کی ایسی منظر کشی کی جاتی ہے کہ وہ نو عمر لڑکا فوراً خود کش حملے کے لیے تیار ہو جاتاہے۔

اس کے لیے بیرونی طاقتوں نے بڑی طویل منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔یہاں را اور سی آئی اے کے ایجنٹس مساجد کے خطیب اور مفتی بنے ہوئے ہیں۔ ISI کی ایک رپورٹ کے مطابق قریباً چالیس کے قریب ایسے علمائوں کی خبر ہے جو بڑی بڑی مساجد میں خطیب بن کر بیٹھے ہیں اور در حقیقت را کے ایجنٹس ہیں۔ یہاں کچھ سوالات بھی اُٹھتے ہیں۔وہ طالبان جن کو سمارٹ فون کے فنکشنزکا نہیں پتا ہپناٹزم جیسا مشکل عمل کیسے کر لیتے ہیں؟ خودکش جیکٹ کیسے تیار کرلیتے ہیں؟جدید اسلحہ کہاں سے لاتے ہیں؟ ان کی ڈوریں کس کے ہاتھ میں ہیں؟ میرے جو معصوم دوست ان کو اپنا ہم عقیدہ جان کر ان کا دفاع کرتے ہیں اُن سے عرض ہے کہ یہ اب آپکے ہم عقیدہ بھائی نہیں رہے۔یہ فدائین بن چکے ہیں۔۔یہ ہپناٹائزڈ ہیں۔۔یہ اپنے آپ کو حشیشین کی طرح اہلِ اسلام بتاتے ہیں مگر دراصل اسلام کے بدترین دشمن ہیں۔۔۔یہ اب باطل کے پیروکار بن چُکے ہیں۔۔اللہ آپ کو سوچنے سمجھنے کی صلاحیت عطا فرمائے۔آمین!

Syed Faizan Raza

Syed Faizan Raza

تحریر:سید فیضان رضا