این اے 246، ایم کیو ایم آج سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) این اے دو سو چھیالیس میں سیاسی درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، سیاسی جماعتیں کامیابی کے لیے بھرپور سرگرم ہیں۔ ایم کیو ایم آج عوامی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ تحریک انصاف بھی کل سٹیج لگائے گی ۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے دوسو چھیالیس کراچی کے ضمنی الیکشن کیلئے 23 اپریل کو پولنگ ہوگی۔

اس حلقے میں سیاسی درجہ حرارت بھی خوب بڑھا ہوا ہے ۔ ایم کیو ایم ، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف اس حلقے میں اپنا زور دکھانے کی کوشش کر رہی ہیں ۔ دو اتحادیوں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے اپنے اپنے امیدوار ایک دوسرے کے حق میں دستبردار کرانے سے انکار کر دیا ہے۔

جماعت اسلامی نے خواتین کا جلسہ کر کے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا تو تحریک انصاف نے کریم آباد سے عزیز آباد تک ریلی نکالی ۔ ایم کیو ایم بھی آج اس حلقے میں شو آف پاور کا مظاہرہ کر رہی ہے جس کے لیے بھرپور تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

تحریک انصاف اتوار کے روز شاہراہ پاکستان پر سٹیج سجائے گی جس سے عمران خان خطاب کریں گے۔ دوسری طرف این اے 246 میں انتخابی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کی زیر قیادت اس حلقے کے امیدواروں کا اجلاس آج گیارہ بجے ہو رہا ہے۔

اجلاس میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد اور امن و امان کی صورتحال پر غور کیا جائے گا ۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن چیف سیکرٹری سندھ سے بھی ملیں گے۔