کام سے مخلصی کے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی

کراچی: ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرةالعین میمن نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی کامیابی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک اس ادارے کے افسران و ملازمین مل جل کر اس کو کامیاب نہ بنائیں اور اس کے لئے کام سے مخلص ہونا ضروری ہے اور کام سے مخلص بھی جب ہی ہونگے جب کام میں دلچسپی ہوگی اور یہ دلچسپی جب ہی ہوگی جب سب ایک ہی فکر ،ایک ہی نکتے ادارے کی کامیابی پر متفق ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ کورنگی کے تمام زونز کے افسران کے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر ان کے ہمراہ میونسپل کمشنر مسرورمیمن اور تینوں زونز کے تمام افسران بھی موجود تھے۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرةالعین میمن نے مزید کہا کہ وہ ادارے میں گروپ بندی کی سخت مخالف ہیں پسند اور نہ پسند ان کی پالیسی نہیں ہے جو افسرا ن و ملازمین ادارے کی بہتری کے لئے کام کریں گے وہی تعریف کے مستحق ہونگے اور ان کا کام ہی ان کی سفارش بنے گا کیونکہ یہ اللہ کا کرم ہے کہ اس نے ہمیں ایسے ادارے میں کام کرنے کے لئے منتخب کیا ہے جو خالصتا عوامی خدمت کا ادارہ ہے اس میں عوام کی خدمت دیانتداری سے انجام دیکر انسانیت کی خدمت کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی بھی حاصل کی جاسکتی ہے اس کے علاوہ اس ادارے کاسب سے اہم جز صفائی ستھرائی جو ہر مسلمان کا نصف ایمان ہے اوردرخت لگانا جو صدقہ جاریہ ہے اگر یہ کام ہم دیانتداری سے کریں گے تو اللہ کی مخلوق کو آرام اور راحت پہنچانے کا ذریعہ بنیں گے ہمیں یہ چاہیے کہ آج ہم سب مل کر یہ عہد کریں کے اپنے ڈسٹرکٹ کورنگی کو عوام کے معیار کے مطابق بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرینگے اور ترقی کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچانے اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنی تمام تر توانائیاںبرئوے کار لائیںگے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی کی تمام شاہراہوں اور لنک روڈ پر صفائی ستھرائی،پارکوں کی تزین و آرائش اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت ،اسٹریٹس لائٹس کی تنصیب و مرمت اور ناجائز تجاوزات کے خاتمہ اور خاص طورپر جن تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ہے ان پر دوبارہ تجاوزات قائم ہونے سے روکنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیںاس موقع پر انہوں نے محکمہ جاتی افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسران وقت کی پابندی کو اپنا شعار بنائیں اور اپنے عملے کو پابند کریں کہ وہ بھی وقت کی پابندی کریں انہوں نے تمام محکمہ جاتی افسران کو پابندکیا کہ وہ اپنے کاموں میں ٹیم ورک کو برقرار رکھیں تاکہ کورنگی کی عوام النا س کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

Administrator Korangi

Administrator Korangi