کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) اقوام عالم اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ بھارت نے کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا ہوا ہے اور اپنے جبری تسلط کو برقراررکھنے کیلئے مقبوضہ وادی میں جبر وظلم کا ہر ہتھکنڈہ آزمارہا ہے مگر تمام تر بھارتی مظالم کے باوجود کشمیریوں کے دل سے پاکستان کی محبت اور آزادی کی لگن کو مٹانا بھارت کے بس میں نہیں ہے
یہی وجہ ہے کہ کشمیری عوام ہمیشہ پاکستان سے محبت کے اظہار کیلئے سبز ہلالی پرچم لہراتے اور بھارتی فوجی اس محبت کے جواب میں نفرت کی گولیاں برساتے ہیں مگر نہ تو بھارتی سپاہیوں کی گولیاں ختم ہورہی ہیں اور نہ ہی کشمیریوں کی پاکستان سے محبت اور آزادی کی لگن مٹ پارہی ہے۔
محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے سربراہ امیر پٹی نے مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانے پر بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر فائرنگ کے ذریعے قتل عام کی کوشش اور حریت رہنما مسرت عالم کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم ‘ افغانستان میں بھارتی سازشیں اور پاکستان میں موجود دہشتگردوں کو بھارتی پشت پناہی کے علاوہ سری لنکا وتبت میں بھارت کا جارحانہ کردار اس بات کا ثبوت ہے کہ اسے سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت دینے کی بجائے اقوام متحدہ سے بھارت کی ہر قسم کی رکنیت خارج کی جائے اور اس کیخلاف عراق طرز کی نیٹو کاروائی کی جائے ۔