کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں شارع پاکستان پر ہونے والے پی ٹی آئی کے انتخابی جلسے کی سیکیورٹی کے لیے 3 ہزار سے زاید اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ شارع پاکستان کی جانب آنے والی اطراف کی گلیوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند بھی کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق پی ٹی آئی کے انتخابی جلسے کے لیے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ اور اسپیشل پولیس گروپ کے کمانڈوز سے تین ہزار سے زائد اہلکاروں کی نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔ شارع پاکستان کو صبح 9بجے سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے اور ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دشواری سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔
اطراف کی گلیوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کیا گیا ہے جبکہ اونچی عمارتوں پر اسنائپر شوٹرز تعینات کیے جائیں گے۔ جلسے کے آغاز سے قبل تقریبا تین بجے تک پولیس کی تعیناتی شروع ہو جائے گی۔ جلسے سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ اسٹیج اور جلسہ گاہ کی تلاشی لے کر کلیئرنس کے عمل کے بعد انتظامیہ کے حوالے کردےگا جبکہ اسٹیج کے اطراف کمانڈوز تعینات کیے جائیں گے۔
جلسے میں شرکت کے لیے آنے والے افراد لیاقت آباد، کریم آباد اور عائشہ منزل کی جانب سے آسکیں گے جبکہ ان کی پارکنگ کا انتظام عائشہ منزل کے اطراف میں ہوگی جبکہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت دیگر قائدین کی آمد نصیر آباد یا واٹر پمپ سے ہو گی اور میڈیا کے نمایندوں کو بھی اسی راستے سے آمد و رفت کرنا ہوگی۔