وزیرآباد کی خبریں 20/4/2015

PTI

PTI

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) تحریک انصاف کے رہنما احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کراچی میں کامیابی تحریک انصاف کے قدم چومے گی، خلق خدا کو مزید خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا، ملک سے جاگیردرانہ اور شاہی نظام کو ختم کیے بغیر ترقی ممکن نہیں ،ملک میںقانون صرف غریب آدمی کے لئے بنا ہے ،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں مل سے ظلم اور جبر کے نظام کو ختم کر کے دم لے گی ۔پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے ملک کو اپنی جاگیر سمجھ رکھا ہے دونوں نے اپنے دور اقتدار میں ملک اور عوام کے لئے کچھ نہیں کیا 30سالہ طویل دور اقتدار میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا ہی خاتمہ نہیں کیا جاسکا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بیروزگاری اور غربت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔عوام پریشان حال ہیں۔احمد فرا ز لودھی نے کہا کہ تحریک انصاف ظلم کے نظام کو مکمل ختم کرے گی ۔عمران خان دلیر اور محب وطن لیڈر جس نے ہمیشہ غریب اور پسے ہوئے طبقہ کی بات کی ہے وہ ملک میں انصاف اور قانون کی بالا دستی کے لیے میدان میں نکلے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب تحریک انصاف ملک میں خوشحالی لائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) وزیرآباد اور گردو نواح گندم کی کٹائی کا مرحلہ چند روز میں شروع ہوجائے گا۔ کسانوں کی موسم کی بہتری کیلئے دعائیں۔ حالیہ طوفانی بارشوں میں وزیرآباد اور مضافاتی علاقوں میں سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے احمد نگر، پٹھانوالی ، ڈسکہ روڈ اور دیگر علاقوں میں کاشت کی جانے والی گندم کا 65فیصد سے زائد بارشوں اور ژالہ باری کی نذر ہوچکا ہے ،موسم کی دوبارہ خرابی کو دیکھ کر کسان پریشان نظر آتے ہیںکسانوں نے کہا ہے کہ ابھی کھیتوں سے چند روز قبل ہونے والی بارشوں کا پانی خشک نہیں ہوسکا اگر مزید بارش ہوئی تو تیار فصل کو نقصان پہنچے گا ۔مساجد میں گھروں میں موسم کی بہتری کیلئے خصوصی دعائیںمانگی جارہی ہیں ۔مختلف زمینداروں نے بتایا کہ زیادہ بارشیں نہ ہوتیں تو علاقہ میں گندم کی کٹائی کا سلسلہ عام ہوچکا ہوتا تاہم موسم بہتر رہنے کی صورت میں مختلف علاقوں میں 3 چار روز میں گندم کی کٹائی کا عمل شروع ہوجائے گا۔متاثرہ زمینداروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت تحصیل وزیر آباد کے کسانوں کو حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کرے اور آئندہ فصل کی بوائی کے لئے سستے بیج اور تیل فراہم کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) سڑکوں کے کناروں پر گرمیوں کی آمد کیساتھ ہی مچھردانیوں کا کاروبار عروج پر پہنچ گیا جگہ جگہ مچھر دانیوں کے سٹالز پر خوبصورت مچھر دانیاں بہترین نظارہ پیش کرتی ہیں اور یوں محسوس ہوتا ہے کہ ہر طرف رنگوں کی بہار آگئی ہو یا سڑکوں کے کناروں پر کوئی بوتیک سینٹر کھلے ہوئے ہیں۔ لوڈ شیڈنگ اور مچھروں کے عذاب سے بچنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد مچھر دانیوں کی خریدار نطر آتی ہے دوسری جانب سٹالز مالکان نے گاہکوں کے رش کو دیکھتے ہوئے مچھر دانیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا ہے۔ قیمتیں زائد ہونے کا شکوہ کرتے ہوئے مختلف گاہکوں نے بتایا کہ چند روز قبل تک دو تین سو روپے میں ملنے والی مچھر دانی کی قیمت 6 سے7 سو روپے تک جاپہنچی ہے غریب آدمی اگر اپنے دو چار بچوں کیلئے مچھر دانیاں خرید لے تو اس کے لئے مہینے کا راشن کا خرچ بھی باقی نہیں بچتا۔ شہریوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی لائی جائے بالخصوص رات کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے تا کہ مچھروں سے بچ کر نیند پوری کی جاسکے۔