سوات : ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سوات میں داخلہ مہم 2015-16 کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز گرلز ہائی سکول سیدو شریف میں داخلہ مہم کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا ، تقریب الف اعلان،آئی وائی ایف،محکمہ تعلیم اور این سی ایچ ڈی کے تعاون سے منعقد کیا گیا جس میں ایم پی اے محب اللہ خان،ڈپٹی کمشنر سوات،اسسٹنٹ کمشنر اشفاق خان ارامزئی،جی ایم این سی ایچ ڈی سوات کرنل (ر) ارشد درانی،الف اعلان اور آئی وائی ایف کے ڈاکٹر جواد اقبال،بلاول خان،سید طاہر رحمان،فائزہ احمد،نثار عالم،سکول کے اساتذہ اور بچوں نے شرکت کی، تقریب میں سکول کے بچیوں نے بینڈ کے ذریعے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ ملی نغمے،خاکے اور ٹیبلو پیش کر کے حاضرین سے داد وصول کی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ای او سوات فی میل شمیم اختر نے کہا کہ معاشرہ کے ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو آگے آنا چاہئے تاکہ سکولوں سے باہر بچوں کو داخلہ مہم کے ذریعے سکولوں میں داخل کرایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ داخلہ مہم کے نعرہ” گھر آیا استاز” کو ہر حال میں یقینی بنانا ہوگا تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہ سکے، اس موقع پر ایم پی اے محب اللہ خان، ڈپٹی کمشنر محمود اسلم وزیر ،ڈاکٹر جواد اقبال، ارشد درانی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم سے محروم بچوں کو ہر حال میں سکولوں میں داخل کروانا پڑے گا تاکہ ان کا مستقبل سنور سکے، انہوں نے کہا کہ اس مہم کو ایمانداری اور قومی جذبے کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانا پڑے گا تاکہ ہزاروں سکولوں سے باہر بچے تعلیم کے زیور سے اراستہ ہوں سکے، انہوں نے کہ مہم کے ذریعے اساتذہ گھر گھر مہم چلائیں گے اور بچوں کے والدین سے بات کریں گے تاکہ بچے تعلیم حاصل کرسکے۔ اس موقع پر مہمانوں نے کئی بچوں کو داخلہ مہم کے دوران سکولوں میں داخل کروایا ۔