آسٹریلیا نے داعش میں شامل اپنے شہریوں کی خفیہ معلومات کیلئے ایران سے معاہدہ کرلیا

Australia And Iran

Australia And Iran

ایران (جیوڈیسک) ایران اور آسٹریلیا کے درمیان داعش کے لیے لڑنے والے آسٹریلوی شہریوں کے بارے میں معلومات کے تبادلے کے حوالے سے غیر رسمی معاہدہ طے پاگیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق آسٹریلیا کی وزیر خارجہ جولی بشپ نے اپنے دورہ ایران سے واپسی پر بتایا کہ داعش کے خلاف عراقی حکومت کی مدد آسٹریلیا اور ایران دونوں ممالک کا مشترکہ مقصد ہے۔ ایرانی حکومت آسٹریلوی شہریوں کی داعش میں شمولیت کے معاملے میں بہت دلچسپی رکھتی ہے اور اس سلسلے میں وہ آسٹریلیا کو متعلقہ معلومات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔

جولی بشپ نے کہا کہ تہران کے دورے کے دوران ان کا ایرانی قیادت کے ساتھ خفیہ معلومات کے تبادلے پر اتفاق ہوا ہے، خاص طور پر ان آسٹریلوی شہریوں کے بارے میں جو عراق میں داعش کی جانب سے لڑائی میں شریک ہیں۔

واضح رہے کہ 100 سے زائد آسٹریلوی شہری عراق اور شام میں داعش کی جانب سے لڑ رہے ہیں جب کہ ملک کے اندر بھی داعش کے حملوں کا خطرہ ظاہر کیا جارہا ہے۔